امریکا کی مارکیٹ میں فائرنگ سے پولیس افسر سمیت 10 افراد ہلاک
مسلح شخص نے کنگز سپرمارکیٹ میں داخل ہوکر اندر موجود خریداروں پر گولیاں برسادیں۔
بولڈر:
امریکی ریاست کولوراڈو کے شہر بولڈر کے ایک سپر اسٹور میں فائرنگ سے 10 افراد ہلاک ہوگئے جن میں ایک پولیس افسر بھی شامل ہے۔
پولیس کے مطابق ایک مسلح شخص نے کنگز سپرمارکیٹ میں داخل ہوکر اندر موجود خریداروں پر گولیاں برسادیں۔ واقعے کی اطلاع ملتے ہی پولیس موقع پر پہنچی اور عمارت کو گھیرے میں لے لیا۔ پولیس کئی گھنٹے کی جدوجہد کے بعد ادھیڑ عمر کے سفید فام حملہ آور کو زخمی حالت میں گرفتار کرنے میں کامیاب ہوگئی۔ حملے کے باعث علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا۔
مارکیٹ میں موجود لوگوں نے اس واقعے کو یوٹیوب پر براہ راست نشر کردیا تاہم بعدازاں یوٹیوب نے ان ویڈیوز کو دیکھنے کے لیے 18 سال کا ہونے کی شرط لگادی۔
پولیس نے واقعے کی تحقیقات شروع کردی ہیں اور ملزم سے اس حملے کی وجہ جاننے کے لیے تفتیش کی جارہی ہے۔ وائٹ ہاؤس نے اس واقعے کے بارے میں صدر جو بائیڈن کو آگاہ کر دیا ہے جو صورتحال کا جائزہ لے رہے ہیں۔
واضح رہے کہ چند روز قبل بھی امریکی ریاست جارجیا میں 3 مساج پارلرز میں فائرنگ سے 6 خواتین سمیت 8 افراد ہلاک ہوگئے تھے۔