اگر اللہ سب کو دولتمند بنادیتا تو ۔۔۔ عظیم الرحمن عثمانی

کسی نے سوال کیا ہے کہ اگر اللہ سب کو دولتمند بنا دیتا تو اس کے خزانے میں کون سی کمی آجاتی؟ اس سوال کا کیا جواب دیا جائے؟

Mar 19, 2021 - 19:57
Mar 21, 2021 - 15:24
اگر اللہ سب کو دولتمند بنادیتا تو ۔۔۔ عظیم الرحمن عثمانی


سوال:
کسی نے سوال کیا ہے کہ اگر اللہ سب کو دولتمند بنا دیتا تو اس کے خزانے میں کون سی کمی آجاتی؟ اس سوال کا کیا جواب دیا جائے؟
۔
جواب:
سوال یہاں تک ہی کیوں محدود ہو کہ اگر اللہ سب کو دولتمند بنادیتا تو اس کے خزانے میں کون سی کمی آجاتی؟
یہ کیوں نہیں کہ
اگر اللہ سب کو صحتمند بنادیتا تو اس کے خزانے میں کون سی کمی آجاتی؟
اگر اللہ سب کو حسین و جمیل بنادیتا تو اس کے خزانے میں کون سی کمی آجاتی؟
اگر اللہ سب کو طاقتور بنادیتا تو اس کے خزانے میں کون سی کمی آجاتی؟
اگر اللہ سب کو صاحب اقتدار بنادیتا تو اس کے خزانے میں کون سی کمی آجاتی؟
وغیرہ وغیرہ ؟
.
میرے رفیق دراصل سوال خزانے میں کمی یا اضافے کا ہے ہی نہیں. سوال ہے اس 'امتحان' کے اصول کا جس کے تحت یہ دنیا کی بساط بچھائی گئی ہے. انسانی رویوں کا امتحان اسی وقت ممکن ہے جب ایک کشمکش بپا ہو. جب کسی کو دے کر آزمایا جائے اور کسی سے لے کر آزمایا جائے. کسی وقت عطا کرکے آزمایا جائے اور کسی وقت چھین کر آزمایا جائے. کس کو کس سے نوازنا ہے؟ اور کس کو کس سے محروم کرنا ہے؟ کس کو کتنا دینا ہے؟ اور کس کو بالکل نہیں دینا ہے؟ اس کا فیصلہ اسی دانشمند پر چھوڑنا درست ہے کہ جس کی دانش اس پورے کائناتی گرینڈ پلان کے پیچھے ہے. ہم سب اس تصویر کائنات کے معمولی پکسل ہیں. پوری تصویر تو اسی بزرگ و برتر کے سامنے ہے جو المصور ہے. ہمیں فقط اپنے رویئے کو اپنے موجود حالات کی مناسبت سے بہترین بنانا ہے. اگر سب ہی امیر ہوتے تو یہ کیسے دیکھا جاتا کہ کون غریب کا سہارا بنتا ہے؟ کون غریب کا استحصال کرتا ہے؟ اور کون غربت میں بھی صبر کا دامن نہیں چھوڑتا؟ .. اگر سب ہی صاحب اقتدار ہوتے تو یہ کیسے دیکھا جاتا کہ کون اپنے ماتحت سے کیسے پیش آتا ہے؟ کون رحم و انصاف کا حامل بنتا ہے؟ اور کون ظالم کہلاتا ہے؟ .. باقی ہمیں بتادیا گیا ہے کہ روز حشر کسی سے احقر ترین درجے میں بھی ناانصافی نہیں ہوگی. گویا ہر شخص سے حساب اس کی موجود صلاحیتوں اور مواقع کی مناسبت سے لیا جائے گا.
.

وَلَنَبْلُوَنَّكُمْ بِشَيْءٍ مِّنَ الْخَوفْ وَالْجُوعِ وَنَقْصٍ مِّنَ الأَمْوَالِ وَالْأَنفُسِ وَالثَّمَرَاتِ وَبَشِّرِ الصَّابِرِينَO
.
’’اور ہم ضرور بالضرور تمہیں آزمائیں گے کچھ خوف اور بھوک سے اور کچھ مالوں اور جانوں اور پھلوں کے نقصان سے، اور (اے حبیب!) آپ (ان) صبر کرنے والوں کو خوشخبری سنا دیں‘‘۔ (البقرة،2: 155)
.
ایک بار پھر بتا دوں کہ یہ دنیا 'انصاف' کے اصول پر نہیں بنائی گئی ... 'امتحان' کے اصول پر بنائی گئی ہے. اس دنیا میں مکمل انصاف کا تصور بھی ناممکن ہے. یہاں تو مشاہدہ یہ ہے کہ ظالم طاقت و اقتدار کے نشے میں چور رہتا ہے اور مظلوم، استبداد کی چکی میں پستا ہی جاتا ہے. یہاں اکثر حرام کھانے والا عیاشیوں کا مزہ لوٹتا ہے اور محنت کش پر زندگی کی بنیادی ضروریات بھی تنگ ہو جاتی ہیں. کتنے ہی مجرم، فسادی اور قاتل کسی عدالت کی پکڑ میں نہیں آتے. ایک مثال لیں، اگر ایک بوڑھا شخص کسی نوجوان کو قتل کردیتا ہے اور مان لیں کہ وہ پکڑا بھی جاتا ہے. عدالت اسے اسکی جرم کی بنیاد پر سزاۓ موت بھی نافز کردیتی ہے. اب سوال یہ ہے کہ کیا واقعی یہ انصاف ہے ؟ کہنے کو تو قاتل کو قتل کے بدلے میں قتل کردیا گیا ؟ مگر کیا یہی انصاف کی مکمل صورت ہے ؟ قاتل تو ایک بوڑھا شخص تھا ، جو اپنی زندگی گزار چکا تھا. جبکہ مقتول ایک نوجوان تھا ، اسکی پوری زندگی اسکے سامنے تھی. ممکن ہے کہ اسکی اچانک موت سے اسکی بیوی بے گھر ہوجاۓ ، اسکے یتیم بچے باپ کا سایہ نہ ہونے سے آوارگی اختیار کرلیں. کیا یہی حقیقی انصاف ہے؟ ظاہر ہے کہ نہیں. یہی وہ صورتحال ہے جو انسان میں یہ فطری و عقلی تقاضا پیدا کرتی ہے کہ کوئی ایسی دنیا و عدالت برپا ہو جہاں انصاف اپنے اکمل ترین درجے میں حاصل ہو. جہاں بد کو اسکی بدی کا اور نیک کو اسکی نیکی کا پورا پورا بدلہ مل سکے. دین اسی عدالت کی خبر 'روز حساب' کے نام سے دیتا ہے اور اسی دنیا کی بشارت جنت و دوزخ سے دیتا ہے.
.
ایک آخری زاویہ یہ بھی دیکھ لیجیئے کہ یہ کائنات مجموعہ اضداد ہے. یہاں ہر شے کا وجود اسکی ضد سے ہے. اگر تاریکی نہ ہو تو روشنی کا کیا تصور؟ اگر تکلیف نہ ہو تو راحت کے کیا معنی؟ اگر بدصورتی نہ ہو تو خوبصورتی کو کون سراہے گا؟ اگر بیماری کا وجود نہ ہو تو صحت کو نعمت کون تسلیم کرے گا؟ اور اگر موت ہی نہ ائے تو زندگی کی تمنا کسے ہوگی؟ .. ہر چیز کا وجود اسکی ضد سے منسلک ہے. اگر اس دنیا میں ضد موجود نہ ہو تو آپ کو یہ دولت، طاقت، صحت وغیرہ نعمت ہوکر بھی نعمت محسوس نہ ہوں.
۔

====عظیم نامہ====
۔
(نوٹ: یہ بھی دھیان رہے کہ شرعی اعتبار سے اس دارالاسباب میں ہر ایک کوشش کا مکلف ہے۔ گویا فراخی رزق کی کوشش کیئے بناء غربت سے نکلنے کی امید اتنی ہی غلط ہے۔ جتنی بناء دوا لیئے کینسر یا دیگر مہلک بیماری کے دور ہوجانے کی تمنا)

like

dislike

love

funny

angry

sad

wow

عظیم الرحمن عثمانی عظیم کے خیال میں وہ عالم ہیں نہ فاضل اور نہ ہی کوئی مستند تحقیق نگار. زبان اردو میں اگر کوئی لفظ ان کا تعارف فراہم کرسکتا ہے تو وہ ہے مرکب لفظ ’طالب علم‘. خود کو کتاب اللہ قرآن کا اور دین اللہ اسلام کا معمولی طالب علم سمجھتے ہیں